منگلورو ،9 ؍ جولائی (ایس او نیوز) منگلورو مضافاتی پولیس نے آرکور میں واقع ایک غیر قانونی ذبیحہ خانہ پر چھاپہ مارا جس کے دوران 95 کے جی بیف کے علاوہ ذبح کے لئے استعمال ہونے والا بڑا چاقو ، ترازو اور دیگر اشیاء ضبط کر لی گئیں ۔ جبکہ ملزم باسط فرار ہو نے میں کامیاب ہوگیا ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مفرور ملزم غیر قانونی طور پر جانور ذبح کرنے اور بیف فروخت کرنے کے لئے اے کے خالد نامی شخص کی ملکیت والا ایک شیڈ استعمال کرتا تھا ۔ اب اسسٹنٹ کمشنر منگلورو نے ملزم کی پراپرٹی ضبط کرنے کا حکم جاری کیا ہے ۔
اسسٹنٹ کمشنر کی طرف سے جاری کی گئی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ "اجازت کے بغیر جانور ذبح کرنے کے مقام اور اشیاء کو ضبط کرنے کے تعلق سے 12 جولائی کو دوپہر 3 بجے اسسٹنٹ کمشنر کی عدالت میں تحقیقات ہوگی ۔ اس دن ملزم کو اپنے بااختیار نمائندے یا وکیل کی معرفت سے وہاں اپنی بات رکھنے کی اجازت دی جائے گی ۔ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو پھر قانون کے مطابق اگلا اقدام کیا جائے گا ۔"